ٹریفک حادثات کے 2 واقعات میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 2 خاندانوں کے 17 افراد جاں بحق

فیصل آباد: ٹریفک حادثات کے دو حالیہ واقعات میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دو خاندانوں کے 17 افراد کی اموات نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب چک جھمرہ میں ساہیانوالہ انٹرچینج قریب ایک کار سڑک پر الٹی ہوئی گنے سے لدی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں شادمان کالونی کا رہائشی کار سوار 42 سالہ شیخ عدیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ان کی دو بیٹیاں آٹھ سالہ ہادیہ اور چھ سالہ عائشہ حادثے کے بعد ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔ علاوہ ازیں دیگر زخمیوں میں شامل 12 سالہ عمیمہ، 42 سالہ تحسین اور 45 سالہ عمارہ الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

علاوہ ازیں جمعہ کی شب سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن کے قریب نہر میں ٹرک گرنے سے جاں بحق ہونے والے 14 افراد اور تین زخمیوں کا تعلق بھی فیصل آباد کے نواحی گاوں چک نمبر 364 گ ب خانوآنہ سے ہے۔ ان میں چند ماہ کے دو لڑکوں سمیت چھ کم سن بچے، 10 خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ قبل ازیں اپریل 2025 میں بھی جڑانوالہ میں اڈہ لنڈیانوالہ کے قریب تیز رفتار مسافر بس لوڈر رکشے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ان حادثات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جہاں شہریوں کی جانب سے سفر کے دوران اپنے تحفظ پر توجہ نہیں دی جاتی ہے وہیں ٹریفک پولیس اور انتظامیہ بھی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے اور حادثات کی روک تھام کے لئے بروقت کاروائی کرنے میں ناکام ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں