فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن صوبائی اسمبلی محترمہ فردوس رائے کو تھانہ وومن پولیس فیصل آباد نے واپڈا سٹی میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ اگست میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی 2023ء کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کے کیس میں انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سزا سنائے جانے کے وقت فردوس رائے عدالت میں موجود نہیں تھیں جس کے باعث وہ پولیس کو مطلوب تھیں۔ ایس ایچ او وومن پولیس مدیحہ ارشاد نے سزا یافتہ فردوس رائے کو ڈیوٹی جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسلم گوندل کی عدالت میں پیش کیا۔ درین اثناء فردوس رائے کے بیٹے ایمن سرفراز کو بھی سول لائن پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس سے گرفتار کر لیا وہ اپنی والدہ سے ملنے آئے تھے۔ تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او علی اکبر کے مطابق وہ مقدمہ نمبر 832/23 میں اشتہاری ہیں۔
