راجہ ریاض نے این اے 104 سے بلا مقابلہ کامیابی کا دعوی کر دیا

قومی اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ریاض احمد خاں نے دعوی کیا ہے کہ وہ این اے 104 سے بلا مقابلہ کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرکے ویسی ہی سیاسی غلطی کی ہے جو 1985میں پیپلز پارٹی نے کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار میدان میں ہوتے تب بھی وہ الیکشن نہیں جیت سکتے تھے۔ راجہ ریاض کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے انہیں خود الیکشن لڑنے کی ہدایت کی ہے مگر وہ ان سے ملاقات کرکے انہیں اپنے بیٹے بیرسٹر راجہ دانیال کو ٹکٹ دینے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے جو امیدوار میدان میں ہیں ان میں سے پی ٹی آئی کے ایک سابق باغی رکن پنجاب اسمبلی شکیل شاہد سمیت تین کے کاغزات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل سابق ایم پی اے مہر حامد رشید اور ان کی بھائی مہر رؤف رشید نے پہلے ہی ان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے بعد ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانااحسان افضل خاں بھی ان کی حمایت کر دیں گے جبکہ دیگر آ زاد امیدوار بھی ان کے حق میں دستبردار ہو سکتے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں