بینک آف پنجاب اور ایکزونوبل کا پنجاب کے ثقافتی مقامات کو اجاگر کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بینک آف پنجاب اور ایکزونوبل پاکستان لمیٹڈ نے پنجاب کے اہم تاریخی مقامات اور فنون و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس سلسلے میں تقریب لاہور میں ہوئی جس میں بینک آف پنجاب کے چیف آف سٹاف اینڈ اسٹراٹیجی رضا بشیر اور ایکزونوبل پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایکزونوبل پاکستان مبشر عمر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
اس شراکت داری کے تحت بینک آف پنجاب صوبے بھر میں تاریخی مقامات کی تزئین و بحالی کے لئے فنڈنگ فراہم کرنے کے علاوہ ضروری منظوریوں میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں خدمات فراہم کرنے والے نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ کو وظائف کی فراہمی میں معاونت کرے گا۔ ایکزونوبل اس سلسلے میں اپنے ڈیولکس پینٹس کے ذریعے اس منصوبے میں معاونت فراہم کرے گا جس کی ابتداء لاہور سے کی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت منتخب شدہ مقامات پر آرٹ ورک اور پینٹنگز تیار کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو اپنے ورثے کے بارے میں زیادہ آگاہی حاصل ہو۔ اس اقدام سے آرٹ کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ایسا شہری منظرنامہ تشکیل دیا جا سکے گا جہاں ثقافت اور کمیونٹی میں تعلق کو فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں اس صوبے کے تحت مختلف شہروں میں بھی ایسی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اسے آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایکزونوبل پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مبشر عمر نے کہا کہ “ہم لاہور جیسے تاریخی شہر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے بینک آف پنجاب کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہمارا یقین ہے کہ ثقافتی اقدار کی ترویج سے نہ صرف شہریوں کو اپنے ورثے پر فخر ہوگا بلکہ آنے والی نسلیں بھی ان اقدار کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گی۔”
بینک آف پنجاب کے چیف آف سٹاف اینڈ اسٹراٹیجی رضا بشیر نے کہا کہ “یہ ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے کہ بینک آف پنجاب، ایکزونوبل کے ساتھ مل کر لاہور کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے جا رہا ہے۔ لاہور صدیوں پرانی تاریخ، فن، ثقافت اور علم کا مرکز رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور نوجوان نسل کو ان کے ورثے کے ساتھ جوڑنا اور اس کو مزید فروغ دینا ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں