وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نےفیصل آباد کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا

فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینے کے لیے مجھے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر پنجاب اور پنجابی کے خلاف کوئی بات ہوئی تو میں خاموش نہیں رہوں گی۔ وہ فیصل آباد میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے کبھی دوسرے صوبوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، دوسروں کو بھی پنجاب کے کاموں میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ مریم نواز نے کہا کہ میرا پنجاب اپنے حصے کے پانی اور وسائل پر حق رکھتا ہے، ہم نہریں بناتے ہیں تو دوسروں کو کیوں تکلیف ہوتی ہے؟” وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنہوں نے دوسروں کو جوتے اور سیاہی پھینکنے پر اکسایا تھا آج وہ خود ایک دوسرے کو جوتے اور بوتلیں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی جماعت کے کارکنوں کا ایک دوسرے کو گالی دینا اور حملے کرنا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکل وقت میں اتحاد دکھایا جبکہ مخالفین ذرا سی آزمائش پر بکھر گئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنا وقت گالم گلوچ میں ضائع کرتے ہیں، ہم اپنا وقت عوامی خدمت میں لگاتے ہیں۔ مریم نواز نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو دنیا بھر میں عزت مل رہی ہے اور سعودی عرب کے ساتھ معاہدے اسی کامیاب سفارتکاری کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کب تک بھیک مانگنے والوں کی طرح جھولی پھیلائے گا، ہمیں اپنی محنت اور وسائل پر بھروسہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر الزام تراشی یا بے جا تنقید برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر میرے خلاف بات ہوگی تو میں جواب نہیں دوں گی، لیکن پنجاب پر بات ہوگی تو خاموش نہیں رہوں گی۔ اپنی تقریر میں وزیر اعلی پنجاب نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں جلد میٹرو بس سروس بھی شروع کی جائے گی جبکہ لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے بعد فیصل آباد میں بھی آئی ٹی سٹی قائم کیا جائے گا۔ مریم نواز نے فیصل آباد میں 40 ارب روپے کی لاگت سے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سسٹم کے افتتاح اور الائیڈ ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے کو۔ابلیشن مشین فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد کو لاہور سے بھی زیادہ ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنایا جائے گا اور یہاں لاہور و راولپنڈی سے بہتر میٹرو بس سروس لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بزرگ شہریوں، طلبہ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے الیکٹرو بس پر سفر مفت ہوگا جبکہ عام شہری صرف 20 روپے میں ایئر کنڈیشنڈ بس پر آرام دہ سفر کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ کرکے زرعی، تعلیمی اور صنعتی مرکز کے طور پر مزید ترقی دی جائے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں