لاہور اور اسلام آباد میں تحریک لبیک کا ممکنہ احتجاج: پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، موٹروے اور جی ٹی روڈ عارضی طور پر بند

مانیٹرنگ ڈیسک: تحریک لبیک پاکستان کے ممکنہ پرتشدد مظاہروں کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ علاو ہ ازیں لاہور اور اسلام آباد کی جانب نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے بڑے حصوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کے اہم داخلی مقامات کو سیل کرکے شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں ٹی ایل پی کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جمعرات کی شب دیر گئے پرتشدد جھڑپیں ہوئیں. اس دوران تقریباً ایک درجن پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئےاور مظاہرین کی توڑ پھوڑ کے باعث دکانوں کو نقصان پہنچا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ایل پی کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نام پر امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرنے کے بعد کشیدگی پیدا ہوئی جس پر پولیس نے ٹی ایل پی کے ملتان روڈ ہیڈ کوارٹر کے اردگرد کنٹینرز لگا دیئے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو بھی سیل کر دیا۔
اسلام آباد میں بھی پولیس نے ٹی ایل پی کے 100 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا ہے جبکہ شہر کے تمام داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے. علاوہ ازیں سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے آج صبح دیگر پولیس حکام کے ہمراہ شہر بھر میں امن و امان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مسافروں کو متبادل راستوں کے طور پر پارک روڈ، لہترار روڈ اور سری نگر ہائی وے استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری طرف موٹروے کی بندش کے حوالے سے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن اور سوشل میڈیا اوکانٹس سے اپ ڈیٹ نہ کئے جانے کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے.

Author

اپنا تبصرہ لکھیں