فیصل آباد:جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ لاہور کے مابین ترک زبان اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ہونے والی تقریب میں جمہوریہ ترکی کے سفیر ڈاکٹر اِرفان ناظروغلو خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ دیگر مہمانوں میں قونصل جنرل مہمت ایمان شمسک، ملتَم شمسک، پروفیسر ڈاکٹر حلیل طوقار (ڈائریکٹر یونس ایمرے سنٹر پاکستان) اور ڈاکٹر صد ف نقوی شامل تھیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کے مطابق اس معاہدے کے تحت جی سی وومن یونیورسٹی میں یونس ایمرے ترک کلچرل اینڈ لینگوئج انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائے گا۔ یہ انسٹی ٹیوٹ ترک زبان کی تدریس، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کے لیے ایک فعال مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
