فیصل آباد: پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کے مابین آج سے شروع ہونے والی ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے کرکٹ سیریز کے لئے جاری ٹریفک پلان کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کی گاڑیوں اور موٹرسائیکل پارکنگ کے لیے جیل روڈ پر زرعی یونیورسٹی کا نیزہ بازی گراؤنڈ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے قریب دھوبی گھاٹ گراؤنڈ اور ہلال احمر یا جی ٹی ایس چوک کے قریب محکمہ انہار کے دفتر کا گراؤنڈ مختص کیا گیا ہے.ان مقامات پر گاڑیاں اور موٹرسائیکل پارک کرنے کے بعد شائقین کو فری شٹل سروس کے ذریعے اقبال سٹیڈیم لے جایا جائے گا اور اسی طرح سے وہاں سے واپس لا کر گاڑیوں تک پہنچایا جائے گا. علاوہ ازیں کینال روڈ، سمندری روڈ، ستیانہ روڈ اور سرگودھا روڈ براستہ جامعہ چشتیہ چوک اور لاری اڈا تمام طرح کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر میچز کے دوران کھلے رہیں گے .متبادل روٹس کے طور پر جھنگ روڈ پر جانے والی ٹریفک ڈجکوٹ روڈ اور رحمانیہ روڈ سے بائیں مڑ کر سمندری اور دیگر روڈز کے ذریعے جا سکے گی جبکہ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پبلک سروس وہیکلز کو مخصوص اوقات میں سدھار بائی پاس سے روشن والا بائی پاس کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا جہاں سے وہ سمندری و دیگر روڈز کا استعمال کرتے ہوئے شہر کی جانب آ سکے گی راجبا روڈ پر ڈیری فارم موڈ سے بکر منڈی کی جانب تمام ٹریفک جا سکے گی جبکہ نشاط سینما اور کوٹھی طاہر شاہ والی سائیڈ سے آنے والی ٹریفک راجباہ روڈ سے بکر منڈی کی جانب جا سکے گی. اسی طرح عیدگاہ چوک سے کوتوالی چوک کی جانب ٹریفک کی ڈائیورشن کی صورت میں جناح کالونی سے نشاط سینما سے بکر منڈی کی جانب ٹریفک جا سکے گی.
