فیصل آباد: الیکشن کمیشن نے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں میں 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیئے ہیں۔ دوسری طرف فروری 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے نواب شیر وسیر اور محمد اجمل چیمہ کی جانب سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے سے مسلم لیگ ن کا این اے 96 اور پی پی 98 میں کڑے مقابلے کا سامنا ہے. تفصیلات کے مطابق این اے 96 جڑانوالہ میں مسلم لیگ ن کے محمد بلال بدر چودھری کو شیر جبکہ آزاد امیدوار نواب شیر وسیر کو واٹر کولر، ارشد محمود کو حقہ، رائے اعجاز حسین کو کمپیوٹر، رائے ضرغام شہادت کو ریڈیو، رائے وقاص اسلم کو فائر انجن، سید آصف اللہ شاہ بخاری کو بینچ، شاہد اقبال اعوان کو کوئین، عذرا پروین کو چارپائی، عرفان شاہد وسیر کو ٹاور، محمد اشرف چودھری کو سن فلاور، محمد افضل کو کرکٹ اسٹمپس، محمد عامر حفیظ کھوکھر کو ڈھول، محمود احمد کو بوتل، نزاکت علی کو ٹی پارٹ اور وقاص شہزاد کو آڈیو کیسٹ انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ این اے 104 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ دانیال احمد کو شیر، رانا عدنان جاوید کو چرخہ، شکیل حسین کو سٹیتھوسکوپ، صوبہ خان عامر چدھڑ کو رباب اور وحید احمد کو سٹیبلائزر کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ پی پی 98 چک جھمرہ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار آزاد علی تبسم کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا ہے جبکہ آزاد امیدواروں میں سے آصف شہزاد کو ائر کولر، شیر افگن کو واٹر ٹینک، طاہرہ احمد کھچی کو ڈھول، فراز انیس کو واٹر کولر، قمر محمود کو ٹیبل، محمد اجمل چیمہ کو چارپائی، محمد عامر نواز کو بے بی کارٹ، وسیم اکرم چٹھہ کو حقہ اور وسیم الحسن چٹھہ کو بیڈ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ پی پی 115 فیصل آباد شہر میں مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں طاہر جمیل کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آزاد امیدوار احمد طارق چیمہ کو بوتل، سہیل کاشف کو ٹمبلر، شفقت رسول کو ریکٹ اور محمد اصغر کو شٹل کاک بطور انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح پی پی 116 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احمد شہریار کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا ہے جبکہ آزاد امیدوار ملک اصغر علی قیصر کو ڈرم، اقرا ثناء کو ڈھول، بلال حسن کو ریلوے انجن، خواجہ اسد اعجاز کو راکٹ، سرمد فضل حسین کو ریڈیو اور عبدالرشید کو پرنٹر کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
