جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میں اوپنر بیٹر کوئنٹن ڈی کاک کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کیے، جواب میں 270 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 41 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا مگر جنوبی افریقی بولرز کے آگے پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے باز ٹھہر نہ سکے، 22 رنز کے مجموعے پر پاکستان ٹیم تین وکٹیں گنوا چکی تھی، 3 وکٹیں گرنے کے بعد سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے 92 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا۔ دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم پھر 114 کے اسکور پر صائم ایوب 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔سلمان آغا نے 82 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی اور 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 59 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 90 رنز بنائے اور یوں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کیے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگرنے نے 4 اور پیٹر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کوربن بوش کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔جنوبی افریقا نے پاکستان کی جانب سے 270 رنز کا ہدف بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں ہی حاصل کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی اور کوئنٹن ڈی کاک اور ٹونی ڈی زور زی کی شاندار 153 رنز کی شراکت نے پاکستان کو فتح سے محروم کیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 119 گیندوں پر 123 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے، بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ڈی کاک نے 8 چوکے اور 7 چھکے بھی لگائے۔ٹونی ڈی زور زی نے بھی ٹاپ آرڈر بیٹر کا بھرپور ساتھ دیا، انہوں نے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اوپنر بیٹر لہوان ڈری پریٹوریئس نے 46 رنز بنا کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا.پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کی کامیابی کے بعد 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے
