قومی ٹیم نے ون ڈے سیریز جیت کر اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی یادگار بنادی

فیصل آباد: پاکستان کی قومی ٹیم نے ساوتھ افریقہ سے ہونے والی ون ڈے سیریز جیت کر اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی یادگار بنادی۔ پاکستان ٹیم کی جیت پر فیصل آباد کے شائقین کرکٹ کی خوشی اور جوش وخروش دیدنی تھا۔ تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ یہ فتح قومی ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے بطور ون ڈے کپتان یادگار کامیابی ثابت ہوئی۔جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 70 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لوہان-دری پریٹوریئس نے 39 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز، سلمان علی آغا اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان نے ہدف 25.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ صائم ایوب نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 گیندوں پر 77 رنز بنائے جن میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بابر اعظم 27 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر اور بیورن فورٹائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ابرار احمد کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ کوئنٹن ڈی کاک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں