فیصل آباد کو پاکستان کا پہلا “ریبیز فری سٹی” بنایا جائے گا، کمشنر راجہ جہانگیر انور

پنجاب حکومت کی ڈاگ پاپولیشن کنٹرول پالیسی کے تحت فیصل آباد کو 2026ء کے اختتام تک طاہرہ انیمل ویلفیئر فاونڈیشن کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا “ریبیز فری سٹی” بنایا جائے گا۔ یہ بات کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہی ہے وہ طاہرہ انیمل ویلفیئر فاونڈیشن کے دورے کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ادارے کے قیام کے پانچ سال پورے ہونے پر کیک بھی کاٹا۔ کمشنر نے کہا کہ انسانوں میں کتوں کے کاٹنے سے ہونے والی باولے پن (ریبیز) کی بیماری سے بچاو کے لئے طاہرہ انیمل ویلفیر فاونڈیشن کی طرف سے آوارہ کتوں کی آبادی کم کرنے کے لئے جاری نس بندی اور ویکسینیشن پروگرام کو حکومت کے تعاون سے مزید وسعت دی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کو “ریبیز فری سٹی” بنانے کے بعد یہ ماڈل دیگر شہروں میں بھی دہرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ بلا کر ٹائم لائن طے کی جائے گی تاکہ مقررہ مدت میں شہر کو “ریبیز فری” کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

قبل ازیں طاہرہ انیمل ویلفیئر فاونڈیشن کی چیئرپرسن طاہرہ رسول نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پانچ سال قبل کرائے پر جگہ لے کر “ریبیز فری فیصل آباد” مہم شروع کی تھی جس کے تحت ابتک 8401 کتوں کی ویکسی نیشن اور 6753 کی نس بندی کے آپریشن کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 13 ہزار 781 بیمار، لاوارث اور حادثات کا شکار جانوروں کو ریسکیو کرکے علاج اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کام کو مزید وسیع پیمانے پر کرنے کے لئے ادارے کی جانب سے اپنے ملکیتی ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر جانوروں کی مستقل پناہ گاہ اور ویٹرنری ہسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو دسمبر 2025ء کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔ بعدازاں کمشنر راجہ جہانگیر انور نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے تحریر کیا کہ “ایسے کام کو دیکھ کر حیران ہوں جو نہ صرف بڑے پیمانے پر معاشرے کی مدد کر رہا ہے بلکہ اگلے درجے کی انسانیت کی بھی مدد کر رہا ہے۔ آپ کے لیے نیک خواہشات ہیں۔” طاہرہ رسول نے انہیں 2026 کے اختتام تک فیصل آباد کو “ریبیز فری سٹی” بنانے کا عزم دہراتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں