ستھرا پنجاب پروگرام : ناقص کارکردگی پرایک کنٹریکٹر کا ٹھیکہ منسوخ، ایک کو وارننگ جاری

ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں ناقص کارکردگی پر چک جھمرہ کے کنٹریکٹر المیزان ایسوسی ایٹس کا صفائی کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد سٹی کے کنٹریکٹر کیئر سروسز کنسورشیم کو صفائی کے معیار میں بہتری لانے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کنٹرول روم ڈی سی آفس میں شفٹ کرنے کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ستھرا پنجاب پروگرام کے کمپلینٹ سیل اپنے دفاتر میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام میں غفلت و کوتاہی برتنے والے سٹاف کو نوکریوں سے فارغ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے 8 بازاروں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ہفتہ وار پلان طلب کیا اور کہا کہ جیو ٹَیگنگ کے ساتھ تصویریں ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں۔ انہوں نے گرین بیلٹس کی صفائی، پودوں کی کانٹ چھانٹ اور باقاعدہ پانی دینے کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شجرکاری،گرین بیلٹس کی تزئین وبحالی کے حوالے سے پی ایچ اے کو سخت ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کا دورہ کریں،صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں اور مریضوں کے لئے ادویات کی فراہمی کے عمل کی سخت جانچ کریں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں