جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یونس ایمرے کلچرل انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح

گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کئے گئے یونس ایمرے کلچرل انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کرکے طالبات کو ترکش زبان سکھانے کے لیے داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ویمن ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹورنگ سینٹر میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ ثقافتی و تاریخی روابط کو اجاگر کرنے کے لیے”پاکستان اور ترکیہ کے درمیان علمی، ثقافتی اور ادبی تعلقات” کے عنوان سے سیمینار اور “وَنڈرز آف ترکیہ” نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

کنٹری ڈائریکٹر یونس ایمرے تُرکش کلچرل سینٹرز پاکستان پروفیسر ڈاکٹر خلیل ٹوکر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ صدیوں پر محیط مشترکہ عقیدت، محبت اور قربانیوں میں جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے اس ورثے کو آگے بڑھانے، ثقافتی ہم آہنگی، باہمی تعاون اور مشترکہ مستقبل کے وژن کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ یونیورسٹی میں یونس ایمرے تُرکش کلچرل سینٹر کے قیام سے طالبات اور عملے کے لیے علمی اشتراک، زبان سیکھنے اور بین الثقافتی تجربات کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

سیمینار میں صوفی شاعری پر ثقافتی پرفارمنس بھی دکھائی گئی اسکالرز کی طرف سے پیش کئے گئے علمی مکالموں نے دونوں ممالک کی خواتین کی قیادت میں ہونے والی تحریکِ آزادی کے ادبی و تاریخی پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔ تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے اور حافظ عبداللہ کی موسیقی بھی پیش کی گئی . اس موقع پر لگائی گئی “وَنڈرز آف ترکیہ” نمائش میں ترکیہ کے مشہور مقامات اور تاریخی عمارتوں اور وہاں کی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے تصاویر کی نمائش بھی ہوئی جسے شرکاء نے خوب سراہا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں