سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے گندم کی کاشت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سیزن صوبہ میں مقرر کردہ ہدف سے زائد رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کا تصدیق شدہ بیج 5500 روپے فی بیگ کے حساب سے مارکیٹوں میں وافر مقدار میں دستیاب ہے جبکہ گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں 25 فیصد سے زائد تصدیق شدہ بیج کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھادوں کی مقرر کردہ نرخوں سے بھی کم قیمت پر وافر مقدار میں دستیابی ممکن بنائی گئی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ گندم بوائی کے لئے نہری پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ کسان کارڈ کے تحت اب تک تقریباً 7 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 100 ارب روپے سے زائد بلا سود قرض جاری ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی اور ضلعی سطح پر گندم کے پیداواری مقابلہ جات منعقد کرائے جا رہے ہیں جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پر جیتنے والے کاشتکاروں کو ٹریکٹرز سمیت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔زرعی یونیورسٹیوں کے طلبہ اور انٹرنیز کا گندم کی کاشت کی مہم میں اہم کردار ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نویدعصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروس ڈاکٹر عبدالقیوم سمیت ڈائریکٹرز و ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت توسیع آن لائن شریک ہوئے۔
