فیصل آباد: نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل سٹارز اور کانکرز میں ٹائی ہو گیا جس پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دے دیا گیا۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جانے والے فائنل میچ میں کانکررز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 218 رنز بنائے۔ جواب میں سٹارز کی ٹیم بھی 49.3 اوورز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کانکررز کی طرف سے ارم جاوید نے پانچ چوکوں کی مدد سے 51 جبکہ سائرہ جبین نے پانچ چوکوں کی مدد سے 43 اور کپتان فاطمہ ثنا نے پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز سکور کئے۔ معصومہ فاطمہ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ انعم امین اور ڈیانا بیگ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سٹارز کی اننگز میں کپتان سدرہ امین نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ کائنات حفیظ نے 37 اور گل رخ نے 35 رنز بنائے۔ صائمہ ملک نے 42 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ام ہانی نے تین اور عائشہ بلال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فائنل میں ارم جاوید پلیئر آف دی میچ قرار پائیں جبکہ منیبہ علی کو بہترین وکٹ کیپر، انعم امین کو بہترین بولر اور سدرہ امین کو بہترین بیٹر جبکہ سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی کو مشترکہ طور پر پلیئرز آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔
