فیصل آباد: کاروباری خواتین کی مالی ضروریات پورا کرنے کیلئے سٹیٹ بینک خصوصی رعایتی نرخوں پر سرمایہ مہیا کر رہا ہے۔ یہ بات سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد کی چیف مینجر فوزیہ اسلم نے کہی ہے وہ وومن انٹرپرینیورشپ ڈے کے موقع پر سٹیٹ بینک کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کر کے قومی ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا 50 فیصد ہونے کے باوجود بہت تھوڑی تعداد میں معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنتی ہیں. سابق صدر وومن چیمبر آف کامرس روبینہ امجد اور جنرل منیجر فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تسنیم اختر جمیل نے کہا کہ وومن چیمبر آف کامرس اور دیگر ادارے مل کر کام کریں تو خواتین کے لئے معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے خواتین کو معیشت کا لازمی جزو بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیف مینجر بلال عارف نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے فائدہ اٹھا کر خواتین قومی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کر سکتی ہیں۔
