جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں 3 روزہ کتاب میلے کا آغاز

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس کی علامہ اقبال لائبریری میں تین روزہ کتاب میلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ کتاب میلے میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے پبلشرز کی طرف سے 20 اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کتاب میلے کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز پر جا کر کتابوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور نالج اکانومی کا دور ہے اور نوجوانوں کا کتاب کی طرف مائل ہونا بہت مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کتابوں کی خریداری کے لیے 34 ملین کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس سے یونیورسٹی میں مختلف شعبہ جات کے لیے نئی اور معیاری کتب خریدی جائیں گی۔

کتاب میلے میں شریک پبلشرز نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت روک دینے پر کتابوں کی ترسیل متاثر ہوئی ہے اور دوسرے ممالک سے کتابیں منگوانے پر اخراجات کی مد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کتابوں کی درآمد پر عائد پابندی ہٹائی جائے۔

چیف لائبریرین طارق لطیف نے کہا کہ کتاب میلے میں موجود کتابوں میں آرٹیفشل انٹیلیجنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادبی، تحقیقی، مذہبی، نصابی اور تاریخی کتابوں سمیت مختلف موضوعات پر لکھی گئی کتب رعائتی قیمت پر فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں