فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے2 ارب 72 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی منظوری

فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 26-2025 کے لئے 2 ارب 72 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔ اس سلسلے میں اجلاس کمشنر راجہ جہانگیر انور کی صدارت میں ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند اور ایڈیشنل کمشنر آصف حیات و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں ایف ڈی اے سٹی کے نادہندہ الاٹیز سے دو ہزار روپے فی مرلہ سرچارج کے ساتھ ڈویلپمنٹ اور اضافی ڈویلپمنٹ کے واجبات کی وصولی کی تاریخ میں 30 جون2026ء تک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ شہری ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے بڑے منصوبوں کے لیے جوائنٹ وینچر کا طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے شہر کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ذرائع آمدن میں اضافے کے لئے بزنس ماڈلز ترتیب دے کر پرکشش منصوبوں پر عملدرآمد کی حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے ملت ٹاؤن میں دستیاب دو کنال اراضی نادرا آفس کے قیام، ایف ڈی اے سٹی میں ساڑھے آٹھ کنال اراضی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے دفاتر کے قیام، تقریباً 13 کنال رقبہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو (ایف بی آر) کے قیام کے لئے فروخت کیا جا رہا ہے جس سے ادارے کو مالی استحکام حاصل ہو گا۔ اس موقع پر ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور دیگر امور کے بارے میں حکومت پنجاب کے احکامات و نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی گئی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں