فیصل آباد میں تین روزہ جشن جون ایلیا آج شروع ہو گا


فیصل آباد: جشن جون ایلیا آج شام نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں شروع ہو گا۔ تین روز تک جاری رہنے والے اس ادبی اور ثقافتی میلے کو انٹرلوپ اور الائیڈ بینک نے سپانسر کیا ہے جبکہ ایونٹ پارٹنرز میں پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد، فیصل آباد آرٹس سرکل اور فیصل آباد ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن شامل ہیں۔ جشن جون ایلیا کا آغاز “میں جو ہوں جون ایلیا ہوں جناب” کے عنوان سے ہونے والی افتتاحی تقریب سے ہو گا جس کی صدارت افتخار عارف کریں گے، مہمان خصوصی کمشنر راجہ جہانگیر انور ، مہمان اعزاز ہمایوں جاوید ہوں گے اور اصغر ندیم سید و حماد غزنوی قلیدی خطابات دیں گے۔ دوسرے سیشن کا عنوان “خط ہی کیوں لکھے جائیں” ہے جس میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے طلبہ عدنان بیگ کی پس پردہ آواز پر ٹیبلو پیش کریں گے۔ تیسرے سیشن میں مشہور شاعر انور مسعود اپنا کلام سنائیں گے۔ چوتھے سیشن کا عنوان “جون کی باتیں” ہیں جس میں افتخار عارف، منور سعید، حماد غزنوی اور عدنان رضوی شریک گفتگو ہوں گے۔ پہلے دن کا اختتام مشاعرے پر ہو گا جس میں ملک بھر سے آنے والے معروف شاعر اپنا کلام پیش کریں گے۔

دوسرے روز کا آغاز فیصل درانی کے مونولاگ سے ہو گا جس کے بعد اصغر ندیم سید کی بطور ناول نگار شخصیت پر اصغر ندیم سید سے ناصر عباس نیئر، حمید شاہد اور قاضی علی ابوالحسن گفتگو کریں گے۔ اس کے بعد کتابوں کی رونمائی کا سیشن ہو گا جس عبید اللہ علیم، اصغر ندیم سید، عباس تابش، عدیل زیدی، ناصر عباس نیئر، حمید شاہد، عدنان بشیر اور حماد نیازی مختلف کتابوں پر اظہار خیال کریں گے۔ معاشی امور سے متعلق سیشن کا عنوان “عمر گزرے گی امتحان میں کیا ۔ معیشت کا کیا بنے گا” ہے جس میں فواد حسن فواد، کاظم سعید، پروفیسر زبیر حسن اور ناصرہ زبیری شریک گفتگو ہوں گے۔ اس کے بعد “منور سعید سے مکالمہ” کے عنوان سے سیشن ہو گا جس کی میزبانی شمعون ہاشمی کریں گے۔ پنجاب بینک کے چیئرمین ظفر مسعود کی کتاب “سیٹ 1 سی” کے بک لانچ کا عنوان “میرے کمرے میں کتابوں کے سوا کچھ بھی نہیں” رکھا گیا ہے جس کے میزبان حماد غزنوی ہوں گے۔ جون ایلیا اور نسل نو کے حوالے سے ہونے والے سے سیشن کا عنوان “ہمارے بعد جو آئیں انہیں مبارک ہو” رکھا گیا ہے جس میں کاظم سعید، ڈاکٹر نجیبہ عارف، ناصرہ زبیری، ناصر عباس نیئر، عباس تابش اور شکیل جازب شریک گفتگو ہوں گے۔ اس سے اگلے سیشن میں جون ایلیا کے فرزند زریون ایلیا اپنے والد کے حوالے سےاپنی یادیں شیئر کریں گے. اس کے بعد ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار عمران عباس سے شمون ہاشمی ان کے فنی کیرئیر پر گفتگو کریں گے۔ قوالی اور جون ایلیا کی غزلیں کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں گلوکار امجد نیازی، خرم لطیف اور زیبی شاہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ دوسرے دن کا اختتام بھی مشاعرے پر ہو گا۔

جشن جون ایلیا کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز فیصل آباد میوزک سوسائٹی کی بھنگڑا پرفارمنس سے ہو گا جس کے بعد “آپ اپنے سے ہم سخن رہنا” کے عنوان سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ کے مابین بیعت بازی کا مقابلہ ہو گا۔ اس سے اگلے سیشن کا عنوان “خط ہی کیوں لکھے جائیں” میں عین سین اور عائشہ مرزا “جون ایلیاء کے خط عالم بالا سے” پر گفتگو کریں گے۔ “دائرے کے مسافر” کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں حماد غزنوی، فواد حسن فواد، وجاحت مسعود اور سہیل وڑائچ شریک گفتگو ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہونے والے سیشن میں ڈاکٹر فرح ریاض، ڈاکٹر نجیبہ عارف، عباس تابش اور ڈاکٹر صغرا صدف شریک ہوں گی۔ بعدازاں عدیل ہاشمی جون ایلیا کی شاعری پڑھ کر سنائیں گے جس کے بعد میڈیا کے حوالے سے سیشن “بولتے کیوں نہیں میرے حق میں” کے عنوان سے ہو گا جس میں سہیل وڑائچ، یاسر پیرزادہ، حماد غزنوی، وجاحت مسعود اور اجمل جامی شریک گفتگو ہوں گے۔ اس کے بعد “رقص ہے رنگ پر رنگ ہم رقص ہیں” کے عنوان سے رقص پیش کیا جائے گا۔ “فیصل آبادی مزاح” کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں سجاد جانی اور عدنان بیگ قہقہے بکھیریں گے۔ جشن جون ایلیا کے تیسرے دن کے اختتام سے پہلے بھی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد فوک گلوکار رمضان جانی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں