فلسطین اور غزہ کی جامعات کے وائس چانسلرز، صدور اور ریکٹرز پر مشتمل آٹھ رکنی وفد نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس جھنگ روڈ کا دورہ کیا۔ وفد کی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلباء نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ یہ وفد اسلامی تعاون تنظیم کے ذیلی ادارے کامسٹیک (COMSTECH) کے تحت پاکستان کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک اور تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں دورہ کر رہا ہے۔ اس موقع پر کامسٹیک کے اسلام آباد میں کوآرڈینیٹر/فوکل پرسن محمد مرتضیٰ نور بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد غزہ میں حالیہ تباہی کے بعد تعلیمی اداروں کی بحالی بارے مشاورت، تعلیمی اصلاحات اور سائنسی تحقیق و اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار روابط استوار کرنا ہے۔ قبل ازیں وفد کو جی سی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، جاری بین الاقوامی منصوبوں، عالمی درجہ بندی میں پوزیشن اور اکیڈمک ترقی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی نے پہلے ہی فلسطینی طلباء کے لیے خصوصی اسکالرشپس کا اعلان کر رکھا ہے اور مستقبل میں بھی فلسطینی طلباء کے لیے اسکالرشپس کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیسن، بائیولوجیکل، سوشل، اور نیچرل سائنسز میں فلسطینی جامعات کے ساتھ مشترکہ تحقیقی و تعلیمی منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
