حکومت پاکستان کا معروف صنعتکار و کاروباری شخصیت میاں محمد کاشف اشفاق کو تمغہ امتیاز دینے کا اعلان

فیصل آباد: حکومت پاکستان نے معروف صنعتکار و کاروباری شخصیت میاں محمد کاشف اشفاق کو ان کی انسان دوستی اور سماجی خدمات پر تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کا نام صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے خصوصی گزٹ میں شائع کیا جا چکا ہے۔ میاں کاشف اشفاق کو تمغہ امتیاز 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ایوان صدر میں ہونے والی خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔ میاں کاشف اشفاق پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات میں شامل ہیں اور اس وقت بورڈ آف انڈسٹریل کولیبوریشن اور پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ پاکستان کے اولین فیشن برینڈ چن ون کے سی ای او، ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کے صدر اور خدمت خلق سٹیزن کمیونٹی بورڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس بورڈ کے تحت دو ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی امداد فراہم کی جاتی ہے جن میں سے ایک کارڈیک کیئر یونٹ اور دوسرا لیور کلینک ہے۔ اپنے جذبہ خدمت خلق کے تحت وہ اور ان کے والد ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پرائم لوکیشن پر واقع اپنا گھر بھی لیور کلینک کے لیے عطیہ کر چکے ہیں۔ قبل ازیں وہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی فیڈمک کے چیئرمین اور فیصل آباد گارمنٹس سٹی کمپنی کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں