پاکستان بمقابلہ ساوتھ افریقہ ون ڈے سیریز: کرکٹ شائقین کو ناقص انتظامات کے باعث پریشانی کا سامنا

فیصل آباد: اقبال سٹیڈیم میں پاکستان اور ساوتھ افریقہ کی ٹیموں کے مابین جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں بھی کرکٹ شائقین کو ناقص انتظامات کے باعث پریشانی کا سامنا رہا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر کے تین مقامات دھوبی گھاٹ گراونڈ، زرعی یونیورسٹی گراونڈ اور محکمہ انہار کے دفتر سے ملحق گراونڈ میں بنائے گئے پارکنگ سٹیڈز سے شہریوں کو بسوں کے ذریعے سٹیڈیم تک لانے کی بجائے ڈیڑھ سے دو کلومیٹر پیچھے اتارا جاتا رہا جبکہ معذور افراد کو بھی سٹیڈیم تک سواری پر آنے جانے کے لئے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں شائقین کی طرف سے یہ شکایات بھی سامنے آئی ہیں کہ انہیں مہنگے ٹکٹ خریدنے کے باوجود سستے ٹکٹ والے سٹینڈز میں کنکریٹ پر بیٹھ کر میچ دیکھنے پر مجبور کیا گیا جبکہ جن سٹینڈز میں کرسیاں لگی ہوئی ہیں وہاں بڑی تعداد میں پولیس ملازمین براجمان تھے یا وہاں ایسے لوگ بیٹھے ہوئے تھے جن کے پاس مذکورہ نشستوں کے ٹکٹ ہی موجود نہیں تھے۔ علاوہ ازیں سٹیڈیم میں پانی، مشروبات، چپس، بسکٹ اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء بھی مقرر نرخوں کی بجائے تین سے چار گنا قیمت پر فروخت کی جاتی رہیں۔ شائقین نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم میں شائقین کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لے کر ہفتہ آٹھ نومبر کو ہونے والے آخری میچ سے پہلے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور اشیائے خوردو نوش مہنگے داموں فروخت کرنے والے سٹالز ہولڈرز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں