فیصل آباد: ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیش کمیٹی نے شہر میں موجود صنعتوں کا سروے کرکے ممکنہ خطرات کا باعث بننے والی مختلف نوعیت کی 187 صنعتوں کی ترجیحی بنیادوں پر شہر سے باہر منتقلی کی نشاندہی کر لی ہے۔ ان میں ہیوی بوائلرز، کیمیکل تیار کرنے، صحت اور ماحول کے لئے چیلنج فضلہ/ ویسٹ پیدا کرنے، شور اور زہریلا دھواں چھوڑنے آگ پکڑنے کے حساس میٹریل کی حامل اور دیگر نوعیت کی انڈسٹریز شامل ہیں۔ یہ باتیں ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیش کمیٹی کے کنوینر/ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہی ہیں وہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان صنعتوں کی منتقلی کے لئے تحصیل جڑانوالہ اور صدر کے علاقہ میں سرکاری اراضی کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ اجلاس میں انسانی جان و مال کے لئے ممکنہ خطرات کی حامل صنعتوں کی نشاندہی، انخلاء، منتقلی کی جگہ کی نشاندہی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے درپیش مشکلات اور درکار ضروریات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن تنویر مرتضیٰ، ڈی او انڈسٹریز میاں عرفان، جنرل مینجز ٹیکینکل فیڈملک کرنل ریٹائرڈ عادل نذیر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر، ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کاشف نواز، میونسپل آفیسر / پلاننگ شیریں نیوٹن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر یاسر عرفات، انسپکٹر ماحولیات مظہر فرید، نمائندہ آفیسر واسا عثمان ضیاء ودیگر اراکین شریک تھے۔
