ڈویژنل ماڈل کالج نے پی سی بی فیصل آباد کمشنر سپر ایٹ سکولز کپ جیت لیا

فیصل آباد: ڈویژنل ماڈل کالج نے لاسال ہائی سکول کو 27 رنز سے شکست دے کر پی سی بی فیصل آباد کمشنر سپر ایٹ سکولز کپ جیت لیا۔ لاسال ہائی سکول کی اس ٹورنامنٹ میں آٹھ لگاتار فتوحات کے بعد یہ پہلی شکست تھی۔ فائنل میچ کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی اور دس لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ڈیم ایم ایس کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 35 اوورز میں 229 رنز بنائے۔ڈی ایم سی کی جانب سے محمد شیراز 88 جبکہ محمد برہان 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت بھی قائم کی جبکہ لاسال ہائی سکول کی جانب سے محمد حسنین رضا اور محمد علی صابر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بعدازاں ہدف کے تعاقب میں لاسال ہائی سکول کی ٹیم 34 اوورز میں 202 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ لاسال کے بلے باز عبدالرحیم اشرف اور حامد رضا نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ ڈی ایم سی کے علی حسن نے 39 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں