فیصل آباد: معروف صحافی، کالم نگار، شاعر، محقق اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر سید ندیم الحسن گیلانی کی نئی کتاب ”مولانا ظفر علی خان کا عہد صحافت“ شائع ہو گئی ہے۔ بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی صحافتی زندگی پر شائع ہونے والی یہ کتاب 782 صفحات پر مشتمل ہے جو کہ پڑھنے والوں کے لئے اپنے دامن میں حیرتوں کا ایک جہان سمیٹے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی نے مولانا ظفر علی خان کو ایک صحافی یا شاعر کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے راہنما، مفکر اور محب وطن صحافی کے طور پر پیش کیا ہے جنھوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور کو بیدار کیا۔ ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی نے مولانا ظفر علی خان پر پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھ کر 1994 میں پنجاب یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی (جرنلزم) کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور میں چیف پبلک ریلیشن آ فیسر فرائض سرانجام دینے کے علاوہ ماہنامہ ”احوال لاہور“ کے ایڈیٹر، روشنی کمیونیکیشن ایڈورٹائزنگ لاہور کے ڈائریکٹر اور روزنامہ ”اومیگا نیوز“ کے گروپ ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے کم و بیش پانچ شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ جرنلزم کے موضوع پر ان کی کئی نصابی کتب بھی شائع ہو چکی ہیں۔ان کے کالموں کا مجموعہ ”لوگ کہتے ہیں“کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔
