فیصل آباد: سموگ کی روک تھام یقینی بنانے کے لئے ڈویژن بھر میں پانی کے چھڑکاو کے بغیر صفائی یا جھاڑو پھیرنے (ڈرائی سویپنگ) پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نےڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے تاکید کی ہے کہ سڑکوں اور گلیوں میں صفائی سے پہلے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گردو غبار اور مٹی و دھول اڑنے سے بچاؤ کے لئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز کو بھی پانی کے چھڑکاؤ کے بعد جھاڑو لگانے کا پابند بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ ڈرائی سویپنگ ہوئی تو ایف ڈبلیو ایم سی کا متعلقہ انچارج ذمہ دار ہو گا۔ انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے محکمہ تحفظ ماحول کو زیرتعمیر سائٹس پر محکمہ کے وضع کردہ ایس اوپیز پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی تاکید کی اور کہا کہ سرکاری ونجی زیرتعمیر سائٹس پر پانی کا چھڑکاؤ نہ ہونے پر ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے کے چالان کرکے جرمانے کریں اور مسلسل خلاف ورزی پر زیر تعمیر سائٹ سیل کر دی جائے۔
