فیصل آباد : کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ شہر میں عنقریب 80 ارب روپے کی خطیر لاگت سے میٹرو بس پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت جھنگ روڈ سے جڑانوالہ روڈ تک روزانہ سیکڑوں مسافروں کو کم قیمت میں معیاری سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ وہ فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کے صدر و ایڈیٹر روزنامہ غریب تنویر شوکت کی سربراہی میں مقامی اخبارات کے مدیران پر مشتمل وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ مقبول احمد ملک اور اسٹنٹ ڈائریکٹر اویس عابد بھی موجود تھے۔

کمشنر نے کہا کہ ماحول دوست 30 الیکڑک بسیں پہلے ہی مختلف روٹس پر شہریوں کو سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں اور مزید 60 الیکٹرک بسیں بھی جلد فیصل آباد پہنچ جائیں گی۔ کمشنر نے کہا کہ شہر کی چھ مرکزی سڑکوں کو “ریڑھی فری روڈز” بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گھوم پھر کر روزگار کمانے والوں سے پرانی ریڑھیاں واپس لے کر انہیں ماڈل ریڑھیاں مفت فراہم کرکے ماڈل ریڑھی بازاروں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 13 مقامات پر ماڈل ریڑھی بازار قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ سات نئے ریڑھی بازار 31 جنوری 2026ء تک فعال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی 80 سڑکوں پر پیچ ورک، لین مارکنگ، لائٹنگ، کروو سٹونز و سینٹر میڈینز کو پینٹ کروانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے اطراف ان کورڈ سائیڈ ڈرینز پر سلیب رکھنے کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ کمشنر نے کہا کہ پارکس کو تفریحی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے پہلے فیز میں 25 پارکوں کے لئے پارک مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ ایڈیٹرز کونسل کے عہدیداران سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے گا اور ان کی طرف سے نشاندہی کردہ عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے فیصل آباد کو پنجاب کا مثالی ڈویژن بنایا جائے گا۔

قبل ازیں فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کے صدر تنویر شوکت نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور تجاوزات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف یکساں بنیادوں پر قانون کے نفاذ پر زور دیا۔ کمشنر نے کہا کہ شہر سے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ختم کرنے کے لئے سیکرٹری آر ٹی اے اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ٹاسک دے دیا گیا ہے جبکہ پارکنگ کے مسائل پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لئے اقدامات کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ایڈیٹر کونسل کے وفد میں سیکرٹری جنرل سید منیر جیلانی(روزنامہ پیغام)، حاجی محمد اسلم (ڈیلی یارن)، میاں مجیرالشریف (روزنامہ واقف)، اصغر علی تبسم (روزنامہ نیا اجالا)، میاں محمد سعید(روزنامہ فیصل آباد رپورٹ)، الحاج محمود بیگ (ڈیلی رپورٹ)، ڈاکٹر زبیر محمود (روزنامہ صورت حال)، ہمایوں طارق (ڈیلی بزنس رپورٹ)، حمید شاکر (لائلپور رپورٹ)، مہتاب شیروانی (روزنامہ فوری ایکشن)، عبید علیم (روزنامہ ملت)، عبداللہ (روزنامہ تجارتی رہبر) اور جمال عبدالناصر (ویکلی خورشید جہاں) شامل تھے۔
