پاکستان میں پہلا بین الاقوامی بوٹینیکل گارڈن قائم کرنے کے لئے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ماتحت لُوشان بوٹینیکل گارڈن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ تعاون نباتاتی تحقیق، ماحولیات کے تحفظ، ایکو سسٹم کی بحالی، سائنسی سیاحت اور ماحولیاتی تعلیم کے فروغ میں نئی راہیں کھولے گا۔ اس معاہدے کے ذریعے طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ ریسرچ، تربیتی پروگرامز اور تعلیمی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے ساتھ بھی ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کے تحت زرعی و حیاتیاتی علوم میں تحقیق، تدریس، پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کی مشترکہ نگرانی اور بین الاقوامی منصوبوں کے لیے مشترکہ درخواستیں دینے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت دو طرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ کے لئے چین کے دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی (HZAU) ووہان کی دعوت پر پانچویں بیلٹ اینڈ روڈ چین۔پاکستان ایگریکلچر فورم میں بھی شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے صدر پروفیسر یان جیان بِن اور پاکستان کے سفیر برائے چین خلیل ہاشمی نے بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت تعلیمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ تحقیق، علمی تبادلے اور استعداد کار میں اضافے پر زور دیا۔ روفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے اپنے خطاب میں جی سی یونیورسٹی کی بین الاقوامی تعاون کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے چینی طلبہ اور محققین کو فیصل آباد آ کر مشترکہ تحقیق اور تعلیم میں حصہ لینے کی دعوت دی۔
