یونیورسٹی آف ہری پور میں ہری سنگھ نلوا کارنر کے افتتاح سے نئی تاریخ رقم

یونیورسٹی آف ہری پور نے پنجاب کے معروف حکمران مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج کے کمانڈر انچیف ہری سنگھ نلوا سے منسوب ہری سنگھ نلوا کارنر قائم کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
ہری سنگھ نلوا کارنر کی افتتاحی تقریب سینٹرل لائبریری میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں امریکہ سے آنے والے سکھ کمیونٹی کے وفد نے بھی شرکت کی جس کی قیادت “سکھس ان امریکہ” تنظیم کے صدر ڈاکٹر گرندرپال سنگھ کر رہے تھے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر جوسن نے تعلیمی اقدامات کے ذریعے تاریخی ورثے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور جامع تاریخی تفہیم کو فروغ دینے میں تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے ہری سنگھ نلوا کارنر کے قیام کو ہری پور یونیورسٹی کے لیے ایک اہم تعلیمی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے تاریخی شعور کو تقویت ملتی ہے اور متنوع کمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے مشترکہ ورثے میں جڑی جامعیت، بین المذاہب ہم آہنگی اور علمی تحقیق کے لیے یونیورسٹی کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وائس چانسلر نے ہری سنگھ نلوا کارنر کے قیام میں تعاون کرنے پر کاشف خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گوشہ طلباء اور محققین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ کے طور پر کام کرے گا جو کہ تاریخ اور ثقافت کے حوالے سے آگاہی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف ہری پور اور سکھ کمیونٹی کی تنظیم “سکھس ان امریکہ” کے مابین علمی تعاون، ثقافتی تبادلے اور ورثے کے تحفظ اور تحقیق سے متعلق مستقبل کے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
تقریب میں رجسٹرار جناب محمد ریاض، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ بائیو میڈیکل سائنسز پروفیسر عزیز اللہ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن میجر (ر) محمد اقبال، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و دیگر افراد شریک تھے۔

ہری سنگھ نلوا نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سلطنت کو دریائے سندھ سے آگے درہ خیبر تک وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
تاریخ میں انہیں قصور، سیالکوٹ، اٹک، ملتان، کشمیر، پشاور اور جمرود کی فتوحات سمیت دو صدیاں پہلے افغانوں کو شکست دے کر مفتوح بنانے کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہے۔
مہاراجہ رنجیت سنگھ نے انہیں ہزارہ کا گورنر مقرر کیا تھا اور انہوں نے 1822 میں اپنے نام سے منسوب ہری پور شہر کی بنیاد رکھنے کے علاوہ یہاں ایک اسٹریٹجک قلعہ تعمیر کرکے اسے اپنا انتظامی ہیڈ کوارٹر بنایا تھا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں