فیصل آباد: چوتھی انٹرنیشنل ریاضیاتی کانفرنس “ICMEFT-2025” تین دن جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبۂ ریاضیات کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں جرمنی، اسپین، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا کے علاوہ ملک بھر سے 400 سے زائد محققین اور ماہرین شریک ہوئے۔ تین روزہ کانفرنس کا افتتاح وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری اور ریکٹر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ نے کیا۔

کانفرنس میں سائنسی مباحثوں، تکنیکی سیشنز اور بین الشعبہ جاتی تبادلۂ خیال کے ذریعے ریاضی، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجیز کے درمیان تعاون کو فروغ دیا گیا۔ اس دوران شرکت کرنے والے عالمی کلیدی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر گیرہارڈ فِسٹر (جرمنی)، پروفیسر ڈاکٹر ایرک ڈولوریز کوئنکا (جنوبی کوریا)، پروفیسر ڈاکٹر شینگ باؤ (جنوبی افریقہ)، پروفیسر ڈاکٹر اگنیشیو لینگو ویلاسکو (اسپین) اور پروفیسر ڈاکٹر نورما ایلاس (ملائیشیا) شامل تھے۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرفراز (کیمپس ڈائریکٹر FAST–چنیوٹ) تھے۔ اس موقع پر شریک ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، طالبات نے ریاضیاتی تاریخ پر مبنی ٹیبلو پیش کیا جبکہ غیر ملکی وفود، سیشن چیئرز، مقررین اور رضاکاروں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
