پنجاب میں “جوگی” روایت کے تاریخی و ثقافتی پہلو اجاگر کرنے کیلئے لائلپور ینگ ہسٹورینز کلب، پنجابی کھوج گڑھ اور تھاپ کا اشتراک

لاہور: لائلپور ینگ ہسٹورینز کلب اور پنجابی کھوج گڑھ نے ٹرسٹ فار ہسٹری، آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر آف پاکستان کے ساتھ تھاپ کانفرنس 2025 میں اشتراک پر اتفاق کیا ہے۔ لاہور میں سات اور اٹھ نومبر کو ہونے والی اس کانفرنس میں تاریخ، ثقافت اور لوک داستانوں میں جوگیوں کے کردار سے متعلق تحقیقی مقالے اور مکالمے سے پنجاب کی قدیم تاریخ کے پوشیدہ پہلو اجاگر کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تینوں اداروں کے نمائندوں کی میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پنجاب میں جوگیوں کی روایت قدیم تہذیبی ورثے کا اہم حوالے ہے جس پر مزید تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میٹنگ میں اتفاق کیا گیا کہ تینوں ادارے مل کر پنجاب کے اس تاریخی و ثقافتی پہلو کو اجاگر کرنے کے لئے مل کر تحقیق کریں گے جو کہ قدیم رِگ وید میں بیان کردہ علاقے سپت سندھو (دریائے سندھ کی تہذیب) سے تعلق رکھتا ہے۔ اس تحقیقی شراکت داری کو خطے کی قدیم روحانی اور ثقافتی زندگی سے متعلق حقائق جاننے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جس سے پنجاب کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں