فیصل آباد کے 18 لاکھ 50 ہزار سے زائد مزدورسوشل سکیورٹی سے محروم

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ فیصل آباد میں 18 لاکھ 50 ہزار سے زائد مزدور پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث طبی سہولیات، پنشن و دیگر حکومتی سہولیات سے محروم ہیں۔وہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن کے کمشنر ذوالفقار علی کھرل کی فیصل آباد چیمبر آف کامرس آمد کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ فیصل آباد جیسے بڑے صنعتی شہر میں ورکرز کی مجموعی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے لیکن سوشل سکیورٹی میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد صرف ڈیڑھ لاکھ ہے۔ سینئر نائب صدر نے زور دیا کہ فیصل آباد سے جمع ہونے والی سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن یہاں کے محنت کشوں کا حق ہے اور اسے شفاف طریقے سے ان پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ صنعتکاروں کے ساتھ باقاعدگی سے مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن کے کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے کہا کہ ان کی قیادت میں ادارے کی نئی ٹیم نے ڈیڑھ ماہ کے عرصہ میں چھ لاکھ ورکرز کے سوشل سیکورٹی اکاؤنٹس کو صنعتکاروں کے تعاون سے بڑھا کے 11 لاکھ تک پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا کسی بھی چیمبر کا یہ پہلا دورہ ہے کیونکہ وہ ورکروں کے حوالے سے فیصل آباد کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری ٹیم آئی تو راشن کا رڈز کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے ورکروں کی رجسٹریشن میں تاخیر ہوئی تاہم اس کو جلد تیز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مدینہ ٹاؤن میں سوشل سیکورٹی ہسپتال کے بارے میں بتایا کہ اِس کے زیادہ تر آلات اور مشینری پرانی تھی۔ حکومت نے ڈیڑھ ارب کے نئے آلات خریدے ہیں اور توقع ہے کہ رمضان کے بعد یہ آلات مل جائیں گے جس سے اِن کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایمبولینس بھی جلد مہیا کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو سب سے پہلے ڈسپنسری جانا چاہیے اور صرف انتہائی پیچیدہ امراض کے مریضوں کو ہسپتال آنا چاہیے تاکہ ہسپتالوں پر دباؤ کم ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسپنسریوں سے براہ راست اُن کی ادویات کیلئے تخمینہ جات طلب کر لئے گئے ہیں جس سے ہر مریض کو ڈسپنسری سے ہی ضرورت کی دوا مل سکے گی اور انہیں ہسپتالوں کی طرف آنا نہیں پڑے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں