چنیوٹ میں 10 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین مالی امدادسے محروم

چنیوٹ: ضلع چنیوٹ کے 10 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو تاحال مالی امداد فراہم نہیں کی جا سکی ہے. صوبائی وزیر صحت وپاپولیشن خواجہ عمران نذیر نےسیلاب متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی تیز بنانے کے لئے چنیوٹ کا دورہ کیا. انہوں نے ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں قائم فلڈ بحالی سنٹر میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے متاثرین سیلاب میں اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کئے اور کھانے و پینے کے پانی کی فراہمی بارے دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتک ضلع چنیوٹ میں ساڑھے چار ہزار متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے اور باقی ماندہ 10 ہزار سیلاب متاثرین میں مالی امداد بھی جلد تقسیم کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب میں سانپ کے کاٹے کے 250 کیس رپورٹ ہوئے تاہم بروقت علاج کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے متاثرین کو مالی امداد کے جاری عمل پر بریفنگ دی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں