فیصل آباد میراتھن اور سائیکل ریس میں 1500 سے زائد شہریوں کی شرکت

فیصل آباد: ساندل بار میراتھن ریس محمد حافظ نے جیت کر ایک لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا ہے۔ علاوہ ازیں صائم مسیح نے دوسری اور نوشیرواں نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے بالترتیب 75 ہزار اور 50 ہزار روپے کا انعام جیتا ہے۔ اسی طرح سائیکل ریس میں نثار علی اور سپورٹس سائیکل ریس کیٹگری میں معظم کو اول آنے پر 50، 50 ہزار روپے انعام دیا گیا۔ میراتھن اور سائیکل ریس کا آغاز بوہڑانوالی گراؤنڈ سے ہوا جو کہ آٹھ کلومیٹر دور کشمیر پل کینال روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ میراتھن میں 1200 سے زائد افراد نے حصہ لیا جبکہ سائیکل ریس میں 350 سے زائد سائیکلسٹ شریک ہوئے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے قومی پرچم لہرا کر سائیکل ریس اور بعدازاں میراتھن کا آغاز کیا۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ریس کے روٹ پر محکمہ سیاحت کی ڈبل ڈیکر بس سمیت اداروں کی سروسز ہمراہ تھیں۔ کمشنر نے تقسیم انعامات کے موقع پر کہا کہ کھیلوں کے ذریعے سپورٹس مین سپرٹ اور ڈسپلن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں سالانہ سپورٹس کیلنڈر جاری اور سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں