سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کل شروع ہو گی

سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم 15 ستمبر سے شروع ہو کر 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ یہ ویکسین اس وقت دنیا کے147 ممالک میں لگائی جا رہی ہے اور پاکستان 148واں ملک ہو گا جہاں بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو حکومت پنجاب اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر کے مطابق اسس سلسلے میں سکولوں اور یونین کونسل کی سطح پر فکسڈ ویکسینیشن ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جن میں نرسز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ویکسینیٹرز اور میڈیکل ٹیکنیشنز شامل ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو ویکسین فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ”کلینک آن وہیل” کو بھی مہم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عوامی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پر مہم کو تیز کیا جائے، مساجد میں اعلانات کرائے جائیں اور کمیونٹی لیڈرز کو مہم میں شریک کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ آگاہی مواد تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میسجز ریکارڈ کر کے عوام تک پہنچائے جائیں گے تاکہ ہر طبقہ اس قومی ویکسینیشن مہم میں فعال طور پر شریک ہو سکے۔ چیف آفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر شہباز احمد کے مطابق بلوغت اور شادی کے بعد خواتین کی ایک بڑی تعداد سروائیکل کینسر کا شکار ہو رہی ہیں جن کے علاج پر اہلخانہ کو بھاری اخراجات کرنے پڑتے ہیں اس کے باوجود بھی ملک بھر میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اس مرض کا شکار ہو کر دم توڑ جاتی ہیں ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں