فیصل آباد: صوبہ پنجاب میں گزشتہ پانچ دنوں سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے اگلے سات دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر بارانی علاقہ جات میں گندم کے کاشتکار فصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائیں۔ اس کے علاوہ یوریا یا پوٹاشیم نائٹریٹ (قلمی شورہ) کا 2 فیصد محلول بحساب 100 تا 120 لٹر فی ایکڑ سپرے کریں اور بہتر نتائج کیلئے یہی سپرے 7 دن کے وقفے کے بعد دوبارہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ بارانی گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور کنگی کے حملہ کی صورت میں صرف متاثرہ حصّے پر مناسب پھپھوندی کش زہر کا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ آبپاش علاقہ جات میں گندم کے کاشتکار نہری پانی کی عدم دستیابی کی صورت میں ذرائع آبپاشی کا منصفانہ استعمال کریں۔ معروضی حالات کے مطابق آبپاشی کا عمومی وقفہ خاص طور پر ریتلے رقبوں میں کم کر دیں۔ آبپاشی کے وسائل کی عدم دستیابی کی صورت میں یوریا یا پوٹاشیم نائٹریٹ (قلمی شورہ) کا 2 فیصد محلول بحساب 100 تا 120 لٹر فی ایکڑ سپرے کریں اور بہتر نتائج کیلئے یہی سپرے سات دن کے وقفے کے بعد دوبارہ کریں۔
