اسلامی تعاون تنظیم، کامسٹیک اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے چنیوٹ کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم اور کامسٹیک کے فوکل پرسن محمد مرتضیٰ نور کی قیادت میں وفد نے 500 متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگ، پینے کے صاف پانی کی بوتلیں، ادویات اور طبی سامان تقسیم کیا جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے 1500 متاثرین کو طبی خدمات فراہم کیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی اور اجتماعی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور یونیورسٹی ضلعی انتظامیہ اور فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
