زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونے والے “ڈاگ شو” میں جرمن شیفرڈ اور “آل بریڈز ڈوگ” کی دو مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 300 سے زائد کتوں نے حصہ لیا۔ ڈاگ شو میں حصہ لینے اور مختلف نسل کے کتوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔ ڈاگ شو کا انعقاد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز نے پاکستان کینل کلب کے اشتراک سے کیا تھا۔

اس موقع پر مختلف نسل کے کتوں کی افزائشِ نسل اور دیکھ بھال کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار بھی ہوا جس میں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے ڈین ڈاکٹر شاہد محمود، چیمپئن شپ ججز کیرولین فرینڈ-ریس (Caroline Friend-Rees) اور جو کیتھی (Jo Cathie) کے علاوہ زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈاکٹر اشعر محفوظ، ڈاکٹر اعجاز اور دیگر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد سے شہریوں میں پالتو جانور رکھنے اور جانور کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہوتا ہے اور لوگوں کو اپنے پسندیدہ کتوں کو دیکھنے اور ان کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے۔
