فیصل آباد میں میٹرو بس سروس اور ٹرام چلانے کے لئے 80 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ کا پی سی ون منظور

فیصل آباد: شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے فیصل آباد میں میٹرو بس سروس اور ٹرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہر پورہ جھنگ روڈ تک 21.3 کلومیٹر طویل اورنج لائن پر 27 میٹرو بسیں یا دو ٹرام چلائی جائیں گی۔ ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی/سابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کے مطابق اس منصوبے کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عید کے فوری بعد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 80 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹ کا پی سی ون منظور ہو گیا ہے جس کے تحت میٹرو بس اورنج لائن پر 21 اسٹیشنز بنیں گے۔ اس سلسلے میں دو بس ڈپو اور چھ یوٹرنز بھی بنائے جائیں گے۔ زاہد سعید نے واسا، فیسکو، سوئی گیس، پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور پی ٹی سی ایل کو سروے کرکے الائمنٹ کے مطابق یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے لئے ڈیمانڈ نوٹسز 10 روز میں فراہم کرنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے لئے متبادل راستوں کا پلان وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی سائٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی طرف سے ہیلتھ سیفٹی آفیسر مقرر کیا گیا ہے تاکہ کھدائی کے عمل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھدائی کے دوران مٹی دھول کو کم سے کم کرنے کے لئے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے اور لائٹنگ کرکے سائن بورڈز نصب کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درختوں کو بغیر کاٹے ٹیکنالوجی کے ذریعے شفٹ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں