پی ایم اے فیصل آباد کا 25 دسمبر سے نجی ہسپتال غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نجی ہسپتالوں میں ایف بی آر کے عملہ کی تعیناتی اور “پوائنٹس آف سیل” لگانے کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے یہ اقدام واپس نہ لئے جانے پر 25 دسمبر سے تمام نجی ہسپتال غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ایم اے فیصل آباد کے ڈاکٹر رائے عارف، ڈاکٹر طفیل محمد، ڈاکٹر صولت نواز، ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر عبد الستار قریشی، نجی ہسپتالوں کے مالکان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ہے.اجلاس میں طے پانے والے احتجاجی لائحہ عمل کے مطابق کل 20 دسمبر سے تمام نجی ہسپتالوں میں ایف بی آر کے خلاف بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔ 22 دسمبر کو ڈاکٹروں کو درپیش مسائل اور ایف بی آر کی مبینہ ہراسانی کے خلاف پریس کانفرنس کی جائے گی۔ اگلے روز نجی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور پی ایم اے فیصل آباد کے عہدے دار ایف بی آر دفتر کے سامنے احتجاجی ریلی نکالیں گے جبکہ 25 دسمبر سے تمام نجی ہسپتال غیر معینہ مدت کے لیے بند کیے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کسی بھی صورت ایف بی آر کی جانب سے ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ کو ہراساں کرنے کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور طب کا پیشہ کسی ایسے کاروبار میں شامل نہیں جہاں پوائنٹ آف سیل سسٹم نافذ کیا جائے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں