فیصل آباد: میٹرو بس فیصل آباد کے منصوبے کی مجموعی لاگت 80 ارب روپے ہے جس میں سے 65 ارب روپے تعمیراتی کاموں پر خرچ ہوں گے۔ یہ بات ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی/پراجیکٹ ڈائریکٹر زاہد سعید نے کہی ہے وہ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کے ہمراہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 20.3 کلومیٹر طویل میٹرو کوریڈور پر 21 اسٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے جن میں سے 11 ایلیویٹڈ اور 10 گراؤنڈ لیول پر ہوں گے جبکہ منصوبہ 18 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو راہداری کا 50 فیصد سے زائد حصہ ایلیویٹڈ جبکہ باقی زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو منصوبہ شروع ہونے سے قبل مکمل ہوم ورک اور تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور فیسکو، واسا،ہارٹیکلچرایجنسی،سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل سمیت تمام اداروں کو یوٹیلیٹی سروسزکی شفٹنگ فوری مکمل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے محکموں کو تخمینے اور ڈیمانڈ فوری جمع کروانے اور نیسپاک کو تمام محکموں کے تخمینوں کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سروسز کی شفٹنگ اور انفراسٹرکچر کی منتقلی کے لئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے محکموں کو سسٹم اپ گریڈیشن کے نام پر غیر ضروری اخراجات کرنے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑے درختوں کی منتقلی کے لئے جدید طریقہ کار اپنایا جائے۔ انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کو پودوں کی منتقلی کا عمل تیز کرنے، ٹریفک پولیس کو ٹریفک مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دے کر شہریوں کو سہولیات کے لئے ہارڈ بیرئیرز، کونز، ریفلیکٹر جیکٹس سمیت مکمل سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک آلات کی فراہمی مرحلہ وار کی جائے گی،تعمیراتی مقامات کو شیٹس سے مکمل کور کیا جائے گا تاکہ کسی حادثہ سے بچا جاسکے۔ علاوہ ازیں ہر 2 سے 3 کلومیٹر بعد یو ٹرنز اور کراسنگ پوائنٹس فراہم کئے جائیں گے جبکہ کاروباری مراکز کے سامنے دھول سے بچاؤ کے لئے باقاعدہ سپرنکلنگ کا انتظام کیا جائے گا اور سیفٹی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
