انڈیا میں مسلم خاتون کے حجاب کی بے حرمتی پر فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد: بھارت کی ریاست بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی طرف سے ایک مسلم خاتون کے حجاب کی بیحرمتی کے خلاف سول سوسائٹی نے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلٰی بہار نتیش کمار کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ اس واقعے نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف جاری منظم تعصب اور جبر کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ڈاکٹر حفضہ اصغر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کے حجاب کی بے حرمتی ہندوتوا کی انتہاپسندانہ سوچ کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے اسے مسلم خواتین کی عزت، وقار اور مذہبی آزادی پر منظم حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا مسلم خواتین کی عزت و حرمت انسانی حقوق میں شامل نہیں ہے۔ ام وردہ نے کہا کہ گائے کے ذبیحہ سے لے کر نقاب پر حملے تک ہندوتوا ایجنڈا کھل کر سامنے آ چکا ہے جبکہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارت کا فاشسٹ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور بھارت کو دانستہ طور پر ایک جنونی ریاست میں بدلا جا رہا ہے۔ احتجاج کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والی ریاستی دہشتگردی کا عالمی سطح پر فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں