فیصل آباد میں پنجاب کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کا آغاز

پنجاب حکومت اور ڈنمارک کے ادارے ڈینیڈا سسٹین ایبل انفراسٹرکچر فنانس (ڈی ایس آئی ایف) کے تعاون سے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام پنجاب کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل نے کہی ہے وہ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کے ہمراہ مکوآنہ میں پراجیکٹ سائٹ پر انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ 33 ملین گیلن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کی استعداد کے حامل اس منصوبے پر مجموعی طور پر 56 ارب روپے لاگت آئے گی جس میں سے 53 ارب روپے ڈینیڈا بطور ٹائیڈ لون اور گرانٹ فراہم کرے گا جبکہ تین ارب روپے پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ یہ میگا پراجیکٹ ڈیزائن، بلڈ اینڈ آپریٹ (ڈی بی او) موڈ کے تحت تعمیر کیا جائے گا جو ستمبر 2028 تک مکمل ہو گا۔

اس میگا پراجیکٹ کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر، مین چینل فور کی تعمیر و بحالی، مین چینل فور کے ٹرمینل پوائنٹ سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تک ٹرنک سیور لائن کی تعمیر، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ٹریٹمنٹ ہونے کے بعد پانی کو گوگیرہ برانچ کینال میں ڈالنے کے لئے مین فورس کی تعمیر، پلانٹ پراجیکٹ کی ضرورت کے مطابق بائیو گیس سے 3 میگا واٹ تک کی بجلی کا حصول اور تین سال تک کی آپریشنز اینڈ مینٹی نینس مکمل کی جائے گی۔ ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد اور واحد پراجیکٹ ہے جو سیوریج کو ٹریٹمنٹ کر کے کاشتکاری کے لئے کارآمد بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے شہریوں کو ماحولیاتی اور فضائی آلودگی سےبھی نجات ملے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں