فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے، شاہین آفریدی

فیصل آباد :پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کی گئی۔ پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ساوتھ افریقہ کے کپتان میتھیو بریٹز نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کروایا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے آج (4 نومبر) اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 6 اور 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں اس سٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل میچ 11 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اب تک یہاں 16 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے نو میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقہ نے اس سٹیڈیم میں اب تک پانچ ون ڈے کھیل کر دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور جنوبی افریقہ اب تک 87 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں ان میں سے پاکستان نے 34 اور جنوبی افریقہ نے 52 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیل جا چکی ہے۔ ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے 2-1 سے اپنے نام کی ہے۔ واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی پہلی بار پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اقبال سٹیڈیم میں گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کپتانی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو اپنی صلاحیت کے مطابق نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف مضبوط پرفارمنس دے گا، انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ بابر اعظم کی حالیہ فارم پر تبصرہ کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بابر اعظم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی سینئر کھلاڑی پرفارم کرتے ہیں تو پوری ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، ایوب شاہ، سلیم آغا اور سلیم آغا پر مشتمل ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں