رستم پاکستان کا دنگل پاک آرمی کے پہلوان گلزار عرف گلو بٹ نے جیت لیا

فیصل آباد: رستم پاکستان دنگل میں پاک آرمی کے پہلوان گلزار عرف گلو بٹ نے واپڈا کے پہلوان عدنان ٹائراں والا کو شکست دے کر رستم پاکستان کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام رستم پاکستان دنگل کے لئے نور پور فٹبال اسٹیڈیم میں اکھاڑا سجایا گیا تھا جہاں دونوں پہلوںواں کے مابین زور آزمائی اور داو پیچ کا دلچسپ مقابلہ 22 منٹ جاری رہا۔ اس دوران گلزار پہلوان نے داو لگا کر عدنان پہلوان کو چت کرکے رستم پاکستان کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے رستم پاکستان دنگل جیتنے والے گلزار پہلوان کو پانچ لاکھ روپے اور ٹرافی (گرز ) جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے عدنان پہلوان کو تین لاکھ روپے کے انعام سے نوازا گیا۔ رستم پاکستان کا ٹائٹل جیتنے پر گلو بٹ کے ساتھی پہلوانوں اور حامیوں نے بھنگڑے ڈالے اور نوٹ نچھاور کر کے بھرپور جشن منایا۔ فائنل مقابلے سے قبل ملک کے مختلف شہروں کے نامور پہلوانوں کے مابین 20 مقابلے ہوئے۔ اس موقع پر شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور انہوں نے بھرپور جوش وخروش سے پہلوانوں کے فن کی داد دی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں