فیصل آباد: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 12ویں کانووکیشن میں ایک لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے335 طلبہ کو گولڈ میڈلز، 333 کو سلور میڈلز اور 326 کو براؤن میڈلز سے نوازا جبکہ پی ایچ ڈی کے 250 سکالرز نے اپنے سپروائزرز کے ہمراہ اسٹیج پر آ کر ڈگریاں حاصل کیں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے گزشتہ برسوں میں تدریس، تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پنجاب کی پہلی جبکہ پاکستان کی دوسری بہترین یونیورسٹی قرار پائی ہے اور یہ اعزاز اساتذہ و طلبہ کی مشترکہ محنت اور تحقیق پر مبنی جدت پسندانہ ماحول کا نتیجہ ہے۔ وائس چانسلر نے امید کا اظہار کیا کہ اسناد حاصل کرنے والے طلبہ مستقبل میں اپنی تحقیقی سوچ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور یونیورسٹی کی اکیڈمک ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ ممبران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سماجی و تعلیمی شخصیات، بزنس کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات، یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز، پرنسپل آفیسرز، فیکلٹی ممبران، معززین شہر اور طلبا و طالبات کے والدین بھی موجود تھے۔ کانووکیشن کا انعقاد یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ہوا جس کی صدارت چانسلر و گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی ہدایت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی جبکہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد اسرار، رجسٹرار غلام غوث اور ڈپٹی رجسٹرار ذیشان احمد خان نے کانووکیشن کی انتظامی و رسمی کاروائی کو احسن انداز میں آگے بڑھایا۔ کانووکیشن میں شریک مہمانوں اور دیگر شرکاء نے تقریب کے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
