فیصل آباد: کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ فیصل آباد ضلع میں پانچ نئی تحصیلوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد تحصیلوں کی تعداد چھ سے بڑھ کر 11 ہو جائے گی۔ وہ نئی تحصیلوں کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تحصیلوں کی منظوری کے لئے سمری بورڈ آف ریونیو پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کی آبادی میں اضافہ کے پیش نظر انتظامی صلاحیتوں میں وسعت ناگزیر ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نئی تحصیلوں کے قیام کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ضلعی سطح پر تمام ڈاکومنٹیشن مکمل کرلی گئی ہے اور نئی تحصیلوں کے قیام کا اصولی فیصلہ پنجاب کابینہ کی طرف سے کیا جائے گا۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران و دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
