فیصل آباد : پنجابی ادب کو عصری تقاضوں اور عالمی رجحانات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ جامعات کا کردار ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں ہمیشہ نہایت اہم رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کیا ہے۔ وہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں پنجابی ادب کے طلبہ میں دھن پرائز اسکالرشپس تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈوائزر دھن پرائز ڈاکٹر خولہ افتخار چیمہ اور انچارج فنانشل ایڈ آفس صائمہ پروین بھی موجود تھیں۔ وائس چانسلر نے پنجابی زبان و ثقافت کے عالمی سطح پر فروغ میں برجندر سنگھ دھن اور محترمہ ریتا دھن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپس کی فراہمی سے پنجابی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر پنجابی ادب میں ایم فل کرنے والے طلبہ میں مجموعی طور پر دو لاکھ اکتیس ہزار دو سو روپے کی اسکالرشپس تقسیم کی گئیں تاکہ وہ اپنی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔
