فیصل آباد: بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور اس کے ذریعے زمینی پانی کا معیار بہتر بنانے کے لئے واسا فیصل آباد نے مدینہ ٹاؤن میں ایک ریچارج ویل اور زیر زمین بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لئےانڈرگراونڈ واٹر ٹینک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا ہے. اس سلسلے میں سوساں روڈ کی گرین بیلٹ میں ایک ریچارج ویل تعمیر کیا جائے گا جبکہ فیضان مدینہ چوک سے ملحقہ گرین بیلٹ میں زیر زمین اسٹوریج ٹینک بنایا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) دلاور خان چدھڑ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عثمان لطیف اور دیگر حکام کے ہمراہ مجوزہ منصوبے کی جگہ کا معائنہ کیا اور کام کو تیز کرنے کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پرایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ فیصل آباد کو مون سون کی بارشوں کے دوران شہر میں پانی جمع ہونے اور زیر زمین پانی کی مسلسل گرتی ہوئی سطح کی وجہ سے پانی کی قلت کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے کلین پنجاب پروگرام کے تحت عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ نکاسی آب کے پائیدار حل کو یقینی بنایا جا سکے اور شہر کے تیزی سے ختم ہونے والے پانی کے ذخائر کی حفاظت کی جا سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سوساں روڈ پر ریچارج ویل کے ذریعے جمع ہونے والا بارش کا پانی نہ صرف بارشی پانی کی فوری نکاسی میں مدد فراہم کرے گا بلکہ اس سے زیر زمین پانی کے ذخیرے کی سطح اور معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی. فیضان مدینہ چوک کے قریب زیر زمین ذخیرہ کرنے والا ٹینک شدید بارشوں کے دوران بارش کے پانی کو عارضی طور پر ذخیرہ کرے گاجس سے سیوریج سسٹم پر دباؤ کم ہو گا اور شدید بارشوں کے دوران سڑکوں اور گلی، محلوں میں پانی جمع نہیں ہو گا.اس ذخیرہ شدہ پانی کو بعد میں سیوریج نیٹ ورک میں ایک کنٹرول شدہ طریقے سے چھوڑا جائے گا. ایم ڈی واسا کے مطابق پی ایچ اے انتظامیہ سے مل کر اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس منصوبے کی تعمیرات سے متاثر ہونے والی گرین بیلٹس کو دوبارہ شجرکاری کر کے پہلے والی حالت میں بحال کیا جائے گاتاکہ شہری کے گرین کور کو بڑھا کر بہتر طور پر موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا جا سکے. انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد فیصل آباد میں آب و ہوا کے موافق انفراسٹرکچر کے لیے ایک ماڈل قائم کرنا ہے تاکہ بارش کے پانی کے مفید استعمال کو فروغ دے کر شہر کے زمینی پانی کا معیار بہتر بنایا جا سکے.واضح رہے کہ فیصل آباد میں زیادہ تر گھریلو اور صنعتی صارفین پینے اور کھانا پکانے کے علاوہ دیگر روزمرہ کے امور کی انجام دہی کے لئے زیر زمین پانی پر انحصار کرتے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی کمی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے.اس لئے موسمیاتی تبدیلی اور زیر زمین پانی آلودہ ہونے کے سبب پانی کی قلت سے دوچار شہر کے لئے یہ ماحول دوست منصوبہ مستقبل میں بارش کے پانی کے مفید استعمال کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا.
